آصف علی زرداری 16

صدر زرداری اور زیراعظم کاجام شہادت نوش کرنے پر کیپٹن حمزہ اکرم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری اور زیراعظم شہبازشریف نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خاتمے کی کارروائی میں دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر کیپٹن حمزہ اکرم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی، ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ مادر وطن اپنے اس دلیر سپوت کی قومی امن و سلامتی کے دشمن بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر عظیم قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی ارض وطن کے لیے لازوال قربانیوں کی مقروض ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پررنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ہنگو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتن الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی بہادری، جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وزیر اعظم نے ہنگو آپریشن میں 7 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ وزیر اعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتن الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں