شیری رحمان 21

شیری رحمان کا راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات اور پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات پر افسوس اور بارش کے بعد کی پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایاہے کہ کیا یہی ہماری بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کی تیاری ہے؟ جڑواں شہروں میں صورتحال ہمارے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کی کمزوری عیاں کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ہم موجودہ بارش کا بھی مؤثر طریقے سے سامنا نہیں کر پا رہے، جڑواں شہر پانی میں ڈوب چکے ہیں، حکومت کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنی چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ اب صرف ہنگامی اقدامات کافی نہیں، شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے مستقل اور مؤثر اصلاحات کرنا ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے بجائے مشترکہ حکمت عملی کے تحت شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہوگا۔شیری رحمان نے کہاکہ نکاسی آب، نالوں کی صفائی، فلڈ مینجمنٹ اور بروقت وارننگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے، حکومت کو طویل المدتی ماحولیاتی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پالیسی بنانا ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں نیپال میں آنے والے سیلاب سمیت خطے میں پیش آنے والی ماحولیاتی آفات سے سبق سیکھنا ہوگا، اگر اب بھی نہ جاگے تو صورتحال ہمارے کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا لیکن بہتر منصوبہ بندی، مضبوط انفراسٹرکچر اور بروقت اقدامات سے نقصانات کو ضرور کم کیا جاسکتا ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز، شہریوں کا محفوظ انخلا یقینی اور متاثرین کو خوراک، صاف پانی اور طبی امداد کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ بارش ہمارے لیے ایک واضح وارننگ ہے، حکومت کو ہر بار بارش کے بعد ہنگامی اقدامات کے بجائے مستقل بنیادوں پر مؤثر نظام تشکیل دینا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں