12

شرح سود میں اضافے کے باوجود پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں 76 فیصد اضافہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) شرح سود میں اضافے کے باوجود پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں کاروں کی فروخت میں ماہانہ 76 فیصد اور سالانہ 41 فیصد اضافہ ہوا۔

پاما کے مطابق اکتوبر میں ملک بھر میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 24 ہزار 418 یونٹس رہی، جبکہ مسافر گاڑیوں (پیسنجر کارز) کی فروخت 21 ہزار 600 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران 660 سی سی کی 12 ہزار 500 اور ایک ہزار سے 1300 سی سی کی 9 ہزار گاڑیاں فروخت ہوئیں۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 37 فیصد اضافے کے بعد 74 ہزار 898 یونٹس تک پہنچ گئی۔دوسری جانب ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، اکتوبر کے دوران ٹریکٹرز کی فروخت سالانہ 44 فیصد اور ماہانہ 129 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 152 یونٹس ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق جیپ اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ تعداد 2 ہزار 700 یونٹس رہی، جبکہ موٹرسائیکلوں اور تھری ویلرز کی فروخت 23 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 98 ہزار 357 یونٹس تک پہنچ گئی۔اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے دوران بسوں کی فروخت میں بھی 43 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں