بادشاہ شاہ رْخ خان

شاہ رخ کی سالگرہ پر اکیڈمی ایوارڈ کا کنگ خان کو خراج تحسین

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو انکی سالگرہ پر اکیڈمی ایوارڈ کے آفیشل پیج کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سپراسٹار شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی 59 ویں سالگرہ منائی، تاہم اس عمر میں بھی ان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، بالی ووڈ میں کنگ خان کا سکہ چلتا ہی ہے بلکہ اب ہالی ووڈ کی طرف سے بھی ان کی ایکٹنگ اسکلز کو سراہا گیا ہے۔

شاہ رخ خان کی سالگرہ سے صرف چند گھنٹے قبل یعنی رات 2 نومبر کی رات 12 بجے سے پہلے اکیڈمی کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شاہ رخ خان کی فلم ‘کبھی خوشی کبھی غم’ کی ویڈیو پوسٹ کی گئی۔

اس کلپ میں شاہ رخ خان اور جیا بچن کے مشہور سین کو شیئر کیا گیا ہے جس میں شاہ رخ ہیلی کاپٹر سے اترتے ہیں اور جیا بچن کو ان کی آمد محسوس ہوجاتی ہے۔

اکیڈمی نے پوسٹ میں لکھا کہ فلم کبھی خوشی کبھی غم جس کے مصنف اور ہدایت کار کرن جوہر تھے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ، امیتابھ، جیا، کاجول، ریتک اور کرینہ نے اداکاری کی تھی۔انسٹاگرام کی اس پوسٹ پر بھی شاہ رخ خان کو ان کے کئی مداحوں نے سالگرہ کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔