محسن نقوی 18

سکیورٹی فورسز کی قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی لائق تحسین ہے،وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ وارانہ کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان سے امن دشمنوں کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔

محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اب ملک میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر خاک میں ملایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کے غیر متزلزل تعاون اور حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں