سپریم کورٹ آف پاکستان 20

سپریم کورٹ ،جعلی ڈگری سے متعلق کیس میں جمشید دستی کی ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے جمشید دستی کی جعلی ڈگری کے معاملے میں فوجداری کارروائی کیس میں ان کی ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع کردی۔سپریم کورٹ نے 3 رکنی بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا، جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دئیے کہ ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ کا فیصلہ ہے اس کو تین رکنی بینچ سن سکتا ہے۔وکیل دل محمد علیزئی نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فائنل آڈر نہیں آیا ہائیکورٹ کا عبوری حکمنامہ ہے، جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ آپ کے مطابق اگر عبوری حکمنامہ ہے تو آپ کو ہائیکورٹ ہی جانا ہو گا، ہائیکورٹ نے آپ کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور خیبر پختونخوا کی جانب سے جمشید دستی کے خلاف کیسز کی رپورٹ جمع کروادی گئی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل راجہ شفقت نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع رپورٹ کے مطابق جمشید دستی کیخلاف 6 مقدمات درج ہیں، اسلام میں 4 مقدمات درج ہیں، سندھ اور خیبر پختونخوا میں کوئی مقدمہ ریکارڈ پر نہیں۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ جمع کروانے کیلئے مہلت مانگ لی، آئندہ سماعت سے قبل رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی، جسٹس شہزاد احمد ملک اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں