سندھ ہائی کورٹ 9

سندھ ہائی کورٹ کاسندھ بھر میں زیرِ سماعت قیدیوں کی ویڈیو لنک پر پیشی یقینی بنانے کا حکم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت کی ہے کہ زیرِ سماعت قیدیوں (یو ٹی پیز) کی عدالتوں میں پیشی ویڈیو لنک کے ذریعے یقینی بنائی جائے اور سندھ پریزن اینڈ کریکشن سروسز رولز 2019ء کے رول 670 پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

یہ ہدایات اوباڑو میں عدالتی احاطے سے دو ملزمان کے فرار ہونے کے واقعے کی رپورٹ کے تناظر میں جاری کی گئی ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے ممبر انسپکشن ٹیم ٹو (ایم آئی ٹی ٹو) محمد جہانگیر خان کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات صادر کیے ہیں۔

مراسلے کے مطابق سندھ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ متعلقہ جیل قوانین کی سختی سے پاسداری کریں اور زیرِ سماعت قیدیوں کو عدالتوں میں جسمانی طور پر پیش کرنے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا انتظام یقینی بنائیں۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد لازمی ہوگا اور تمام متعلقہ عدالتی افسران سندھ پریزن اینڈ کریکشن سروسز رولز 2019ء کے رول 670 کی پابندی یقینی بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں