کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے متوفی کوٹہ پر ملازمت نہ دینے کے خلاف شہری کی درخواست پر چیف سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو متوفی کوٹہ پر ملازمت نہ دینے سے متعلق شہری سید محمد ساجد کریم کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل محمد نواز ڈاہری نے موقف دیا کہ میرے موکل کے والد محکمہ تعلیم میں استاد تھے۔ جن کا دورانِ ملازمت 2021 میں انتقال ہو گیا تھا۔
درخواستگزار کا کیس 5 سالوں سے سندھ سیکریٹریٹ میں التوا کا شکار ہے۔ درخواست گزار کو جونیئر کلرک کی ملازمت ملنی تھی۔ فوتی کوٹہ پر عمل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے درخواست پر چیف سیکریٹری اور سیکریٹری تعلیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کرلیا۔









