کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ میں نیو کراچی کے سنار جہانزیب کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر لاپتا رہنے والے جہانزیب، ایس ایچ او گڈاپ اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جہانزیب نے عدالت کو بتایا کہ انہیں 3 نومبر کو گڈاپ پولیس نے حراست میں لیا اور 18 نومبر کو رہا کیا گیا۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ان سے سادہ کاغذ اور اسٹیمپ پیپر پر دستخط بھی کروائے۔
جہانزیب نے الزام عائد کیا کہ انہیں دو ہفتوں میں 40 لاکھ روپے ادا کرنے کا کہا جا رہا ہے، بصورت دیگر ان کی سنار کی دکان چھیننے کی دھمکی دی گئی ہے۔ خوف کے باعث وہ اپنی دکان بھی نہیں کھول رہے کہ کہیں دوبارہ انہیں حراست میں نہ لے لیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ رہائی سے قبل پولیس نے ان کے بھائی اورنگزیب سے بھی اڑھائی لاکھ روپے وصول کیے۔ جہانزیب کے مطابق انہیں دن کے وقت غائب رکھا جاتا تھا، جبکہ رات کو دوبارہ تھانے میں بند کردیا جاتا تھا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جہانزیب کو مبینہ طور پر حبسِ بیجا میں رکھنے کے معاملے پر ملیر کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا تھا۔ درخواست پر مجسٹریٹ نے متعلقہ تھانے پر چھاپہ بھی مارا، تاہم جہانزیب وہاں سے برآمد نہیں ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا جہانزیب کسی پولیس اہلکار کو جانتے ہیں؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ وہ کسی اہلکار کو ذاتی طور پر نہیں جانتے، تاہم جن افراد نے ان سے دستخط کروائے وہ پولیس اہلکار تھے۔حکومت سندھ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ یکطرفہ الزام ہے، جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وہ بھی معاملے کی انکوائری چاہتے ہیں، تاہم جہانزیب کو خدشہ ہے کہ انہیں دوبارہ اٹھا لیا جائے گا۔عدالت نے پولیس حکام پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے جہانزیب کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا اور آئی جی سندھ کو معاملے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جہانزیب نیو کراچی کے رہائشی ہیں اور وہیں کاروبار کرتے ہیں، جبکہ گڈاپ پولیس کی حدود میں ان کا کاروبار یا رہائش نہیں ہے۔









