کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لیاری سبزی مارکیٹ کے دکانداروں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مارکیٹ کے خلاف کسی بھی کارروائی پر حکم امتناعی جاری کردیا۔عدالت نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ متبادل جگہ کی فراہمی تک کسی بھی دکاندار کو بے دخل نہ کیا جائے اور نہ ہی مارکیٹ کو مسمار کیا جائے۔
درخواست گزاروں کے وکیل طارق صدیقی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ دکاندار گزشتہ 74 سال سے اس مارکیٹ میں کاروبار کر رہے ہیں اور اچانک ان کے روزگار کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ کے ایم سی نے مارکیٹ کو مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے جبکہ متبادل جگہ دینے کا وعدہ کرنے کے باوجود چالان فیس بھی وصول کی گئی ہے۔
وکیل کے مطابق کے ایم سی متبادل جگہ فراہم کیے بغیر ہی مارکیٹ کو مسمار کرنا چاہتی ہے جس سے سیکڑوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کر دی جائے تو انہیں مارکیٹ کی مسماری پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے معاملے کی مزید سماعت کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔









