سندھ ہائی کورٹ 44

سندھ ہائیکورٹ ،مرتضی بھٹو اور دیگر کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت وکلا کی استدعا پر 25مئی تک ملتوی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے بھائی مرتضی بھٹو اور دیگر کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت وکلا کی استدعا پر 25مئی 2026 تک ملتوی کردی ہے۔

بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے بھائی مرتضی بھٹو اور دیگر کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ استغاثہ پیپر بک کی صاف نقول پیش نہ کرسکا۔ مرحوم شاہد حیات کے وکیل فیصل صدیقی نے موقف دیا کہ پیپر بک کی صاف اور واضح نقول فراہم کردی گئی ہیں۔ مامون شیروانی ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ہمیں تاحال پیپر بک کی صاف اور واضح نقول نہیں ملیں۔ مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ متعدد وکلا کو نقول فراہم کی جاچکی ہیں۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ وکلا رابطہ کرینگے تو نقول ملیں گی، ہم نے گزشتہ سال دسمبر میں نقول فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ دو رکنی اپیلیٹ بینچ نے رپورٹ طلب کرلی۔ وکلا ء نے کہا کہ شاہد حیات، شبیر احمد قائمخانی، آغا محمد جمیل، مسعود شریف کا انتقال ہوچکا ہے۔ عدالت نے وکلا کی استدعا پر اپیل کی سماعت 25 مئی 2026 تک ملتوی کردی۔

پراسیکیوشن کے مطابق مرتضی بھٹو کو 20 ستمبر 1996 میں 70 کلفٹن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔ واقعہ کے 2 مقدمات درج کیئے گئے تھے۔ ایک مقدمہ سرکار جبکہ دوسرا مقدمہ مرتضی بھٹو کے ملازم گوگا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے دونوں مقدمات میں تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں