کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت عالیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست چھٹیوں کے بعد پیش کی جائے۔
منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔مشتاق تنولی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے ہزاروں موٹر سائیکل سواروں کے چالان ہو رہے ہیں۔جس پر جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ یہ کچھ ہزار روپوں کا معاملہ چھٹیوں میں لے کر آگئے، لوگوں کے دیگر اہم کیسز بھی ہیں۔عدالت نے فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی اور کہا درخواست چھٹیوں کے بعد پیش کی جائے ۔
یاد رہے سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے سے غریب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔درخواست گزار نے کہاکہ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی نمبر پلیٹ نا لگانے والے شہریوں کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی، شہریوں نے پرانی نمبر پلیٹس رقم کی ادائیگی کے بعد حاصل کی تھیں حکومت کو نئی ڈیزائن کی نمبر پلیٹ مفت فراہمی کرنی چاہیں پرانی نمبر پلیٹس بھی حکومت کی جاری کردہ ہی تھیں۔
درخواست میں کہا گیاہے کہ نئی نمبر پلیٹس غیر موجودگی پر جرمانے اور ضبطگی کی کوئی وجوہات نہیں ہیں موٹر وہیکل اور ٹریفک پولیس نئی نمبر پلیٹس کی بنیاد پر کاروبار شروع کردیا ہے اور نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے رقم وصول کی جارہی ہے۔درخواست گزار کے مطابق سرکاری ادارے نئی نمبر پلیٹس مہینوں انتظار کررہے ہیں جبکہ سڑک کنارے بیٹھے لوگ جعلی نمبر پلیٹس بنارہے ہیں ،ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر حراساں کیا جارہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہریوں کو مفت نئی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا حکم دیا جائے شہریوں پر جرمانے اور گاڑیوں کی ضبطگی بند کی جائے۔درخواست میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،موٹر وہیکل رجسٹریشن ونگ اور ڈی آئی جی ٹریفک کو فریق بنایا گیا ہے.









