سندھ ہائی کورٹ 15

سندھ ہائیکورٹ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈرمیٹولوجی کی تقرریوں سے متعلق درخواست پر حکومت سندھ،و دیگرکو نوٹس جاری،6اگست تک جواب طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈرمیٹولوجی کی تقرریوں سے متعلق درخواست پر حکومت سندھ،ایڈووکیٹ جنرل سندھ،سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے6اگست تک جواب طلب کرلیاہے۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈرمیٹولوجی کی تقرریوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ سلیکشن بورڈ کی 2 جولائی 2026 کو کی گئی سفارشات غیر قانونی اور میرٹ کیخلاف ہیں۔ کامیاب امیدواروں ڈاکٹر نازیہ، ڈاکٹر کرن ناز اور ویٹنگ لسٹ پر موجود ڈاکٹر رملہ کے پاس لازمی پوسٹ لیولـIII کلینیکل تجربہ نہیں۔ سلیکشن کا پورا عمل شفافیت، میرٹ اور وجوہات کے بغیر، اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کر کے کیا گیا۔ سلیکشن بورڈ کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کیا جائے اور سفارشات پر عملدرآمد معطل کیا جائے۔

عدالت نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کی تقرریوں پر حکمِ امتناع جاری کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو درخواستگزار کی پوزیشن کے حوالے سے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے حکومت سندھ، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی 6 اگست 2026 کے لیے نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔ ڈاکٹر فریال کی جانب سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر (ڈرمیٹولوجی) کی تقرریوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں