ڈاکٹر عشرت العباد خان 24

سندھ کے شہروں کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میری پہچان پاکستان (MPP) کے سربراہ، سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سندھ کے مختلف شہروں کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے شہروں کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے میری پہچان پاکستان کے تحت حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو جام اور میرپورخاص کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تنظیمی کارکنوں، عہدیداروں اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن محمد پناہ پنہیار نے انہیں تنظیمی سرگرمیوں، مقامی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حیدرآباد میں کوہسار میڈیکل کالج وفاقی حکومت سے منظور کرایا گیا ان کا ایک اہم منصوبہ تھا، جس کا مقصد اندرون سندھ کے نوجوانوں کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور علاقے میں صحت کی سہولیات کو فروغ دینا تھا، لیکن افسوس کہ یہ منصوبہ سرخ فیتے کی نذر ہوگیا۔ ایسے منصوبوں کو تاخیر کا شکار کرنے کے بجائے عملی طور پر مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ عوام ان سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو الہ یار اور ٹنڈو جام سمیت سندھ کے مختلف شہروں کو صحت، تعلیم، صاف پانی، نکاسی آب، روزگار اور بہتر انفرااسٹرکچر کی اشد ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبے محض اعلانات اور سرکاری فائلوں تک محدود نہیں رہنے چاہییں بلکہ ان پر عملی پیش رفت بھی نظر آنی چاہیے۔سابق گورنر سندھ نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس ہی عوامی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس قائم کیے جائیں تو انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی، اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور محروم علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتظامی یونٹس کا قیام کسی لسانی یا نسلی تقسیم کا نام نہیں بلکہ بہتر انتظام، عوامی سہولت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا عمل ہونا چاہیے۔ پاکستان کے تمام علاقوں کو ان کی آبادی، ضروریات اور وسائل کے مطابق ترقی کے مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ عوام کو بااختیار بنانے، مقامی سطح پر فیصلوں کا اختیار دینے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ صحت اور تعلیم کے اداروں کو فعال بنانے، نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

اس موقع پر محمد پناہ پنہیار نے انہیں مختلف شہروں میں تنظیمی رابطوں، کارکنوں کی سرگرمیوں، عوامی مسائل اور میری پہچان پاکستان کے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ ملاقاتوں میں تنظیمی استحکام، عوامی رابطہ مہم اور سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں فلاحی و ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میری پہچان پاکستان عوامی مسائل کی نشاندہی، محروم طبقات کی آواز بلند کرنے اور ملک میں بہتر انتظامی نظام، میرٹ، تعلیم، صحت اور ترقی کے یکساں مواقع کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں