کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی بات پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی، تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے آئینی و جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے ملک کے مسائل اور ان کے حل پر بات کی ہے۔سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بعض لوگوں کو یہ بات ناگوار گزری کہ ان کے مؤقف سے اختلاف کیوں کیا گیا، حالانکہ ہر شخص اور سیاسی جماعت کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں خاص طور پر ان رہنماؤں پر حیرت ہوتی ہے جن کا تعلق سندھ سے نہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری، علیم خان اور خواجہ آصف سندھ سے تعلق نہیں رکھتے، اگر انہیں نئے صوبوں کے قیام کا شوق ہے تو وہ اپنے صوبوں کی اسمبلیوں میں جاکر اس معاملے پر بات کریں۔ آئین کے مطابق نئے صوبے کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد ضروری ہے، سندھ میں صوبے بنانے کا فیصلہ یہاں کے عوام کا حق ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خالد مقبول عجیب باتیں کررہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال ماضی میں ان کے بارے میں بھارت جانے، پاکستانی پاسپورٹ جلانے اور بھارتی پاسپورٹ پر امریکا سفر کرنے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔
اگر یہ الزامات غلط تھے تو خالد مقبول صدیقی کو عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔سعید غنی نے خالد مقبول صدیقی کے اس بیان کو بھی مسترد کیا کہ بلاول بھٹو زرداری فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حالیہ دور میں لسانی فسادات کی مثالیں نہیں ملتیں، لیکن سندھ نے ماضی میں لسانی بنیادوں پر تشدد اور بے گناہ افراد کے قتل کے واقعات دیکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ نفرتیں پھیلنے کا خدشہ ہو تو اس پر بات کرنا ضروری ہے۔ کراچی کے شہری ماضی کے حالات دوبارہ نہیں چاہتے، کیونکہ جن خاندانوں کے گھروں میں اپنے پیاروں کی لاشیں پہنچی ہیں، وہ اس درد کو بہتر سمجھتے ہیں۔
وزیر محنت نے کہا کہ مصطفی کمال ماضی میں بھی نئے صوبوں کی مخالفت کرتے ہوئے ان کے نتیجے میں فسادات کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری پرامن سیاست کے حامی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پرتشدد سیاست کی مخالفت کی ہے۔ ان کے مطابق ایسے معاملات پر خاموش رہنا بددیانتی ہوگی، بلاول بھٹو نے اپنا مؤقف دلیل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ریفرنڈم سے متعلق سوال پر سعید غنی نے کہا کہ ریفرنڈم آئینی عمل ہے، تاہم یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر صوبے کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی بات کی جائے تو کیا صدر، وزیراعظم اور وزرا کے انتخاب کے لیے بھی ریفرنڈم کرایا جائے گا؟








