بلاول بھٹو زرداری

سندھ حکومت کا کسی صوبے یا شہر نہیں دنیا سے مقابلہ،بلاول

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا مقابلہ کسی صوبے یا شہر سے نہیں بلکہ دنیا سے ہے ۔

وہ آرٹس کونسل کراچی میں میاں رضا ربانی کی کتاب کی تقریبِ انتساب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ‘‘رضا ربانی کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کی کتاب کو پطرس بخاری ایوارڈ ملا ہے ۔’’بلاول بھٹو نے کہا کہ فلسطینی بچوں، صحافیوں اور ڈاکٹروں کی نسل کشی دنیا نے دیکھی۔ غزہ میں جنگ بندی خوش آئند ہے مگر ڈر ہے کہ کہیں پھر دھوکا نہ ہو جائے ۔ اسرائیلی حکومت ہمیشہ معاہدے توڑتی رہی ہے ، امید ہے اس بار سیز فائر برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور دنیا کی اکثریت فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم دو برس سے غزہ میں تباہی دیکھ رہے ہیں، اب امن قائم رہنا چاہیے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی۔ خیرپور میں قائم اسپیشل اکنامک زون کو عالمی اداروں نے سراہا، فنانشل ٹائمز کے مطابق اسے ایشیا پیسفک میں دوسری پوزیشن ملی۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل متعارف کرایا جو دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے ۔ ‘‘

ہمارا مقابلہ پاکستان سے نہیں بلکہ دنیا سے ہے ، ہمیں فخر ہے کہ ہم ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔’’بلاول بھٹو کے مطابق این آئی سی وی ڈی دنیا کا بہترین مفت علاج فراہم کرتا ہے ، سائبر نائف بھی مکمل فری کینسر علاج فراہم کرتا ہے ۔ دنیا ان منصوبوں کو تسلیم کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب عوام کی کفالت کا تاریخی منصوبہ ہے ، جسے بعد کی حکومتوں نے بھی جاری رکھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر مالکانہ حقوق کے ساتھ دے رہی ہے ، یہ تاریخی اقدام ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان کے ماحولیاتی مؤقف کی تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کاربن آؤٹ پٹ محض 0.1 فیصد ہے لیکن ہم شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔ ‘‘ہم نے لوس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام سے دنیا کو منوایا کہ یہ بھیک نہیں، ہمارا حق ہے ۔’’تقریب میں بلاول بھٹو نے کہا: ‘‘گورنر صاحب، آپ کو خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے ۔ میں وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنا جہاز انہیں دے دیں تاکہ وہ عدالت کے حکم کے مطابق اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر سکیں‘‘۔