گندم 14

سندھ حکومت کا آٹا 6 روپے فی کلو سستا کرنے کا فیصلہ،ایکس مل قیمت 161 سے کم کرکے 155 روپے فی کلو مقرر

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ حکومت نے آٹے کی ایکس مل قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد قیمت 161 روپے سے کم کرکے 155 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں کی زیر صدارت فلور ملز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ، فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر ملک اقبال اور پیٹرن ان چیف محمد یوسف چوہدری سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ فلور ملز نے ایک ہی روز میں آٹے کی قیمت 15 سے 16 روپے فی کلو بڑھا دی، جس پر وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور آٹے کی مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مخدوم محبوب الزماں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے ذریعے گندم کے کاشتکاروں کو 76 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے، جبکہ رواں سال صوبے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متعلقہ اداروں اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے تعاون سے گندم کی فراہمی بہتر بنانے، قیمتوں میں استحکام اور آٹے کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں