بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) سلوواکیہ کے صدر پیٹر پیلیگرینی چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ۔ صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ چین بھی ہے۔
دورے کے دوران صدر پیلیگرینی چین کے صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما چین اور سلوواکیہ کے تعلقات کی آئندہ سمت اور آئندہ تعاون کے خدوخال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس دورے کے حوالے سے کہا ہے کہ چین سلوواکیہ کے ساتھ مل کر اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی اور سیاسی باہمی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کا موقع بنانا چاہتا ہے۔ چین دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون اور تبادلوں کو مزید وسعت دینے کے لیے سلوواکیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔









