اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کیپٹن حمزہ اکرم کی بہادری اور شجاعت پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوںنے کہاکہ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات بلند فرمانے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا ء کی ۔









