سردار ایاز صادق 111

سردار ایاز صادق کا پاک افغان سرحد چمن سیکٹر پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک افغان سرحد چمن سیکٹر پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چمن سیکٹر پر بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کی تعریف کی ہے ۔

اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ سرحدوں کی حفاظت اور ملک کے دفاع کے لیے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم قابلِ ستائش ہے، مسلح افواج کی موجودگی میں فتنہ الخوارج جیسے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

سر دار ایاز صادق نے کہاکہ سرحدی باڑ کی حفاظت اور دراندازی روکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قوم کا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت ایک جری اور مضبوط افواج کے ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں