عظمی بخاری 100

ستھرا پنجاب پروگرام پر امریکی کانگرس کے بعد عالمی جریدہ فوربز بھی مریم نواز کی کارکردگی کا معترف ہے’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام نے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی ہے، امریکی کانگریس کے بعد اب عالمی جریدہ فوربز بھی پنجاب حکومت کی اس کامیاب کاوش کا اعتراف کرچکا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پورے پنجاب کو اپنے گھر کی طرح صاف کر رہی ہیں اور فوربز میگزین نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 75سالوں کے صفائی کے مسائل چند ماہ میں حل کر دیے ہیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام نے شہروں اور دیہاتوں کے درمیان صفائی کے فرق کو ختم کردیا ہے۔ پہلے صفائی صرف شہروں کے پوش علاقوں میں ہوتی تھی، لیکن اب دیہاتوں میں بھی وہی معیاری صفائی فراہم کی جا رہی ہے جو شہروں میں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ فوربز میگزین نے مریم نواز کے ماحول دوست اقدامات، جدید ٹیکنالوجی اور گورننس کے ماڈل کو قابل تعریف قرار دیا ہے، اور ان کے ڈیجیٹل گورننس کے ماڈل کو کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مقامی صنعت کو ترجیح دی گئی ہے اور 1لاکھ 40ہزار نئی نوکریوں کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔ فوربز نے اعتراف کیا ہے کہ دنیا بھر کی حکومتیں پنجاب کے اس ماڈل سے سیکھنا چاہتی ہیں۔

وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ مریم نواز صدق دل سے پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں، اسی وجہ سے نہ صرف ملکی سطح بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کے کام کو سراہا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں