لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری کی دستاویزات کی فراہمی کی درخواست پر سرکاری وکیل سے دوبارہ تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔جسٹس چوہدری محمد اقبال نے جواد حامد کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں جوڈیشل انکوائری کے ساتھ لف دستاویزات فراہم نہ کرنے کا اقدام 2018ء میں چیلنج کیا گیا ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ دستاویزات کی نقول فراہم کردی گئی ہیں۔ جبکہ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں، انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ کے ساتھ لف بیانات کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں فل بنچ میں زیر سماعت ہیں ، یہ درخواست بھی فل بنچ میں بھیج دی جائے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ فل بنچ میں جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق درخواستیں زیر التواء ہیں، سرکاری وکیل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق دستاویزات فراہمی کا حکم دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے سرکاری وکیل سے دوبارہ تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔









