ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے ذہنی اور جذباتی صحت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو ترجیح دیں اور اس بات کو سمجھیں کہ ذہن کی دیکھ بھال بھی جسمانی صحت کی طرح ضروری ہے۔نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے بتایا کہ فلموں می می اور دو پتی نے اداکاری اور جذبات کے حوالے سے سوچنے کے انداز کو بدل دیا.
کریتی سینن نے کہا کہ می می اور دو پتی سے قبل میں سمجھتی تھی کہ میرے کردار حقیقی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوتے، تاہم ان دونوں فلموں نے مجھے احساس دلایا کہ اگرچہ انسان خود کو متاثر نہ ہونے کا یقین دلاتا ہے، لیکن کردار لاشعوری طور پر اپنا اثر ضرور چھوڑتے ہیں۔اداکارہ کے مطابق بعض اوقات کسی کردار کا جذباتی اثر شوٹنگ ختم ہونے کے کئی دن یا ایک ہفتے بعد محسوس ہوتا ہے اور انسان کے رویے یا جذبات میں تبدیلی نظر آنے لگتی ہے، اسی تجربے سے مجھے احساس ہوا کہ کردار سے شعوری طور پر خود کو الگ کرنا کتنا ضروری ہے۔کریتی نے بتایا کہ کئی مرتبہ میں ذاتی زندگی میں جذباتی طور پر پریشان یا مشکل حالات سے گزر رہی ہوتی تھی، لیکن اس کے باوجود مجھے کامیڈی فلم کی شوٹنگ کرنا پڑتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اداکار مسلسل اپنے جذبات کو استعمال کرتے اور ان کے ساتھ کھیلتے رہتے ہیں، اس لیے ذہنی اور جذباتی صحت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔کریتی سینن نے ذہنی صحت برقرار رکھنے کے لیے مراقبہ، تھراپی یا دیگر ایسی سرگرمیوں کا سہارا لینے کا مشورہ دیا جو انسان کو ذہنی طور پر متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوں۔اداکارہ نے بتایا کہ میں بھی وقتا فوقتا مراقبہ کرتی ہوں اور ذاتی طور پر اسے اپنے لیے بہت مفید سمجھتی ہوں۔کریتی سینن کو آخری بار شاہد کپور اور رشمیکا مندانا کے ساتھ فلم کاک ٹیل 2 میں دیکھا گیا تھا۔








