کرسٹیانو رونالڈو 17

رونالڈو کی 67ویں ہیٹ ٹرک، 1000 ہزار گولز سے فاصلہ مزید کم ہوگیا

میڈرڈ (رپورٹنگ آن لائن)پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کے 1000 گولز کے تاریخی سنگ میل کی جانب اہم پیش رفت کرلی۔سعودی پرو لیگ میں النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے 41 سالہ رونالڈو نے الخلود کے خلاف صرف 15 منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اپنی ٹیم کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی دلائی۔

اس کامیابی کے بعد ان کے مجموعی کیریئر گولز کی تعداد 985 ہوگئی ہے اور وہ 1000 گولز سے محض 15 گول دور ہیں۔مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور اسکور 2-2 سے برابر رہا۔ تاہم رونالڈو نے 66ویں، 72ویں اور 81ویں منٹ میں گول کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

یہ النصر کی جانب سے ان کی ساتویں ہیٹ ٹرک تھی جبکہ کلب اور قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ مجموعی طور پر 67 ہیٹ ٹرکس مکمل کرچکے ہیں۔کیریئر میں 985 گولز کے ساتھ رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ارجنٹائن کے لیونل میسی 936 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں