بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین کے صدر شی جن پھنگ نے ” چائنا مئی فور یوتھ میڈل ” اور “نیو ایرا یوتھ پائنیئر ” ایوارڈ کے انعام یافتگان کے نمائندوں کو جوابی خط لکھا، اور ملک بھر کے نوجوانوں کے مختلف قومیتی گروہوں کو گہری امیدوں کے ساتھ تہوار کی مبارکباد دی ۔
اتوار کے روز جوابی خط میں شی جن پھنگ نے کہا کہ رواں سال ” پندرہویں پانج سالہ منصوبے” کے آغاز کا سال ہے، اور نوجوانوں کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دینے کا یہی مناسب وقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان بلند و بالا مقاصد رکھیں گے ، جدوجہد اور محنت میں ثابت قدم رہیں گے، نوجوانوں کی قیادت کریں گے ، اپنی ذاتی تگ و دو کو قومی ترقی کے مجموعی منظر نامے میں ضم کریں گے، اپنے اپنے شعبوں میں رہ کر مسلسل نئی کامیابیاں حاصل کریں گے ، اور نئے سفر میں اپنی قوت سے اپنا حصہ ڈالیں گے ۔
“چائنا مئی فور یوتھ میڈل” اور “نیو ایرا یوتھ پائنیئر ایوارڈ” کا مقصد سیاسی طور پر متقدم، اعلیٰ اخلاق کے حامل، اور نمایاں شراکت کرنے والے بہترین نوجوانوں کی مثالیں نمایاں کرنا اور انہیں اعزاز دینا ہے۔ حال ہی میں، سی پی سی کی اٹھارہویں قومی کانگریس کے بعد سے انعام یافتہ 16 نوجوان نمائندوں نے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کو خط لکھا، جس میں بنیادی سطح پر مل کر خدمت کرنے کی صورتحال اور تاثرات سے آگاہ کیا گیا، اور ” پندرہویں پانج سالہ منصوبے” میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے اور نئے دور کے “لانگ مارچ” کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا ۔









