رشوت

رشوت نہ دینے پر بیوہ پر ٹیکس۔ ڈی جی ایکسائز نے انکوائری کا حکم دیدیا۔

رپورٹنگ آن لائن۔۔

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے پراپرٹی ٹیکس زون 8 سرکل اعوان ٹاون میں بیوہ خاتون کو مبینہ طورپر خلاف قانون پراپرٹی ٹیکس بھیج دیا۔

بیوہ کی شکایت پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد علی نے ڈائیریکٹر ہیڈ کوآرٹر کو انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پراپرٹی ٹیکس زون 8 سرکل اعوان ٹاون کے انسپکٹر ایاز یوسف نے یونٹ نمبر 60 علی بلاک اعوان ٹاون میں رہائش پذیر شاہدہ ریاض کو 36 ہزار روہے پراپرٹی ٹیکس بھیج دیا۔

شاہدہ ریاض کے مطابق اس نے اپنے مکان میں سے محض دو کمرے کرایہ پر دے رکھے ہیں۔ جس پر انسپکٹر ایاز یوسف نے اپنے پرائیویٹ اہلکاروں کے زریعے رشوت مانگی اور انکار پر پورے کا پورا گھر ہی کرائے پر لکھ دیا۔

شاہدہ ریاض کے مطابق وہ، ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون 8 نیاز احمد سبحانی کے پاس شکایت لیکر گئیں تو انہوں نے انسپکٹر ایاز یوسف کے خلاف نہ تو کارروائی کی اور نہ ہی اپیل کے لئے پی ٹی ون کی کاپی فراہم کی۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر ایاز یوسف خود سرکل میں نہیں جاتا بلکہ اس نے پرائیویٹ افراد ملازم رکھے ہوئے ہیں جو بطور ا نسپکٹر سرکل میں گھومتے اور ایاز یوسف کے لئے شکار ڈھونڈتے ہیں۔

اس سلسلے میں گفتگو کے لئے پراپرٹی ٹیکس زون 8 کے ای ٹی او نیاز احمد سبحانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔