گورنر سندھ 26

ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے آگاہی ضروری ہے، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے شعور، آگاہی، احتیاط اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے۔ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانے، متوازن خوراک اور باقاعدہ طبی معائنے پر توجہ دینا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈایابیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان (DAP) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب ”ایک شام DAP کے نام” سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ذیابیطس محض ایک بیماری نہیں بلکہ ایک ایسا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے معاشرے میں آگاہی اور احتیاط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتا ہے، اس لیے لوگوں کو متوازن طرزِ زندگی، مناسب غذا اور طبی معائنے کی اہمیت سے روشناس کرانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ، غیر متوازن خوراک اور حسد، لالچ و غیبت جیسی منفی عادات سے اجتناب کے ساتھ مثبت سوچ، برداشت اور درگزر کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔ ایک دوسرے کو معاف کرنے، باہمی احترام اور خلوص جیسے رویے معاشرے میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کے لیے آگاہی اور ترغیب پر مبنی تقاریر اور پروگرامز کا انعقاد بھی ضروری ہے۔ ڈایابیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان جیسے ادارے صحت کے اہم مسائل کو معاشرتی توجہ کا مرکز بنانے میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کی قیادت، انتظامیہ اور رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ذیابیطس سے متعلق آگاہی کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رہے گا۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا سندھ اور پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں ہر شہری کو عزت، صحت، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ اس مقصد کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے منتظمین اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات محبت، دوستی، خوشیوں اور مثبت یادوں کے فروغ کے ساتھ صحت مند، خوشحال اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں