ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنی بیٹی کے نام کا اعلان کردیا اور ساتھ ہی اس کے معنی بھی بیان کردیے۔38 سالہ دیپیکا پڈوکون کی 39 سالہ رنویر سنگھ سے شادی 14 نومبر 2018ء کو ہوئی تھی جبکہ رواں برس 9 ستمبر کو ان کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیوالی کے موقع پر دیپیکا اور رنویر نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر اپنی بیٹی کی تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ اپنے مداحوں کو اس سے متعارف بھی کرایا۔دیپ ویر سے شہرت رکھنے والے جوڑے کی شیئر کردہ تصویر میں سرخ لباس پہنی ہوئی اْن کی صاحبزادی کے صرف پیر نظر آرہے ہیں۔
بالی ووڈ جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام ‘دعا پڈوکون سنگھ’ رکھا ہے اور ساتھ ہی بتایا کہ یہ ہماری دعائوں کا جواب ہے، ہمارے دل محبت اور شکر گزاری سے بھرے ہوئے ہیں۔
ایک بار رنویر سنگھ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے متوقع بچے کے نام کیلئے فہرست ترتیب دی ہے، اس دوران انہیں بیٹے کا نام شوریہ ویر سنگھ رکھنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ایک پرانے انٹرویو میں اداکار نے اعتراف کیا کہ اگر اْن کے اور دیپیکا پڈوکون کے یہاں بیٹی پیدا ہوئی تو وہ زیادہ خوش ہوں گے۔