لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ٹک ٹاکر یو ٹیوبر رجب بٹ ،مان ڈوگر ،حیدر شاہ سمیت دیگر افراد کیخلاف دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے کے مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا ہے کہ مقدمے میں پیکا ایکٹ دفعات شامل کرنے کیلئے لیگل ٹیم سے مشاورت جاری ہے، ملزمان نے مدعی کو دھمکیاں دی تھیں ۔
ملزمان عبوری ضمانت کرواکے شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔ مقدمہ کی تفتیش دیگر دفعات کےساتھ پیکا ایکٹ کے تحت ہو گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے مطابق مقدمہ میں پیکا ایکٹ کی دفعات لگائی جائیں گی۔رجب بٹ اورساتھیوں نے مدعی کو ٹک ٹاک پر ہراساں کیااور دھمکیاں دیں۔جس کے بعد یوٹیوبرعمر بٹ نے رجب بٹ،مان ڈوگر،حیدرشاہ سمیت 10افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ٹک ٹاک پر دھمکیاں دینے اور کلاشنکوف لے کر گھر کی دہلیز پر آنے کے الزام پر یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا آرٹسٹ عمر فیاض کی مدعیت میں یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق مدعی عمر فیاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ صبح کے وقت ٹک ٹاکررجب بٹ، مان ڈوگر، حیدر شاہ اور دیگرمسلح افراد ان کے گھر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے مجھے دھمکیاں دیں تھیں۔
ملزمان کا کہنا تھا کہ تمہیںٹک ٹاک پر آنے کا مزہ چکھا دیں گے۔اس موقع پرمان ڈوگر نے ٹک ٹاک لائیو کے دوران ان کے ساتھ گالی گلوچ اور دھمکیاں دیں تھیں۔مدعی کے مطابق ملزمان نے میری عزت مجروح کی تھی جس سے میری جان کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔پولیس کااس حوالے سے کہنا تھا کہ مدعی عمر فیاض کی درخواست پرمقدمہ درج کرلیا گیا تھا اورملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کو سزا سنا ئی تھی۔عدالت نے ٹک ٹاکر کو کمیونٹی سروس کی سزا سنائی تھی۔رجب بٹ نے غیرقانونی طور پر شیر کا بچہ اپنے پاس رکھنے کا اعتراف کیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے میں کہا گیاتھا کہ ٹک ٹاکر رجب بٹ ایک سال تک پرو بیشن افسر کے ماتحت کمیونٹی سروس فراہم کریں گے۔
عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کو جانوروں کے تحفظ بارے تمام مواد رجب بٹ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ٹک ٹاکررجب بٹ اپنے 5 منٹ کے وی لاگ میں جانوروں کے حقوق پر گفتگو کریں گے۔ وی لاگ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں پرو بیشن افسر کی اجازت کے بعد اپ لوڈ ہوگا۔ وی لوگ میں جانوروں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق گفتگو کی جائیگی۔