عظمی بخاری

خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کا جعلی الیکشن ہوا ، عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ گنڈا پور کی وزارتِ اعلیٰ دو گھریلو خواتین کی لڑائی کی نذر ہوگئی، جبکہ خیبرپختونخوا کا نیا وزیر اعلیٰ پرچی نہیں بلکہ فرشی ہے .

جو سلام کر کر کے وزیر اعلیٰ بنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو بیگم کے کہنے پر لگایا گیا جبکہ گنڈا پور کو باجی کے کہنے پر ہٹایا گیا، جو اس جماعت کی سیاسی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کے پی میں آج جعلی الیکشن ہوا، ایک وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا اور دوسرا منتخب کرلیا گیا۔ سہیل آفریدی نے صرف بڑھکیں ماریں، صوبے کی ترقی پر کوئی بات نہیں کی۔

عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے میں جنوبی پنجاب کو برابر کا حصہ دیا جاتا ہے اور مریم نواز کے نزدیک نہ کوئی وسطی ہے نہ جنوبی پنجاب، بلکہ صرف ایک پنجاب ہے ۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے تقریباً مکمل کر لیا ہے اور بہت جلد متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت جب بارڈر پر حالات کشیدہ ہیں اور افغانستان سے دراندازی کی کوششیں ہو رہی ہیں، کسی بھی صوبے پر سیاسی چڑھائیاں انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے ۔ پاکستان کے اندر کوئی حالات خراب کرے یا دہشت گردی کیلئے دوسرے ملک کی سرزمین استعمال کرے ، یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔