ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بھارتی فلم و ٹیلی ویژن پروڈیوسر و ہدایتکارہ ایکتا کپور نے حال ہی میں ملیالم فلم انڈسٹری میں جنسی ہراسانی اور طاقتور لوگوں کے گٹھ جوڑ کے بارے میں ہیما کمیٹی کی رپورٹ پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ یہ صرف انڈسٹری کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ کام کی جگہ پر کسی بھی عورت کا مسئلہ ہے۔انھوں نے یہ بات منگل کو فلم دی بکنگھم مرڈرز کے ٹریلر کی ممبئی میں افتتاحی تقریب کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار ہنسل مہتا، ایکتا کپور کے ساتھ فلم کی شریک پروڈیوسرز شوبھا کپور اور کرینہ کپور بھی موجود تھے۔ ایکتا کپور کا مزید کہنا تھا کہ کام کی جگہ کے حوالے سے یہ اہم مسئلہ ہے اور ہم اسے بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔
میری طرح اب بہت سی خواتین کو لیڈ کرنا ہے، اب بہت ساری خواتین فورسز کو جوائن کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک دو خواتین پروڈیوسرز اکٹھی ہوئی ہیں تاکہ کرائم اسٹوری پر مبنی فلم بنائیں جو اہم بات ہے۔ یہ ایک قسم کی حفاظت اور طاقت کی تخلیق ہے، ہمیں اب ایجنسی کو مردوں سے عورتوں میں تبدیل کرکے انھیں مساوی ایجنسی بنانا ہے۔ایکتا کپور نے کہا کہ ہمیں بہت ساری جگہوں پر ٹاپ لیول پر خواتین کی ضرورت ہے جو کمپنیاں چلائیں۔ اس کیلیے بہت سی خواتین کو بھی پہل کرنا ہوگی، اور خواتین کے کام کی جگہوں کو محفوظ بنانا ہے۔