عمران خان

خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خاتون جج دھمکی سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔مقامی عدالت میں سیشن جج کامران بشارت مفتی نے خاتون جج دھمکی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سیشن کورٹ میں پیش ہوئے۔

سماعت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان روسٹرم پر آئے اور درخواست ضمانت سے متعلق عدالت کو بتایا، عدالت نے مختصر سماعت کے بعد عمران خان کی عبوری ضمانت 13 اکتوبر تک منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔چیئرمین تحریک انصاف عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اسلام آباد کچہری سے واپس روانہ ہوئے، قبل ازیں پیشی کے سلسلے میں سیشن کورٹ میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے، علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف کا سکیورٹی عملہ بھی اسلام آباد کچہری پہنچ گیا تھا۔واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ ہفتے ٹرائل میں عدم پیشی پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے تھے، تاہم عمران خان کو ہائی کورٹ نے اتوار کے روز 7 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت دی تھی ۔
٭٭٭٭٭