محمد اورنگزیب

حکومت ملک میں سرمایہ کاری اورکاروبارکیلئے سازگارماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اورکاروبارکیلئے سازگارماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کہی۔

وفد کی قیادت سینئر انویسٹمنٹ گارنٹی آفیسر ، مالیاتی ادارے وکیپٹل مارکیٹس مشرق وسطی، ترکیہ و پاکستان کے لئے ایف آئی جی پروڈکٹس ؍ بزنس کے سربراہ نے دلاور باجوری کی سینئر انڈر رائٹر جنوبی ایشیا کے بزنس ڈویلپمنٹ کے سربراہ جے کوون بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفد نے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے کردارپرروشنی ڈالی اوربتایاکہ ایجنسی قلیل المدتی کریڈٹ گارنٹیز فراہم کررہی ہے جس سے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریش کی نجی شعبے کی ترقی کے لئے کوششوں کو مزید تقویت مل رہی ہے۔انہوں نے پاکستان میں مالیاتی اداروں اور کیپٹل مارکیٹس کی حمایت کے لیے ایجنسی کی وابستگی کا اظہار کیا اور پاکستان کے اقتصادی امکانات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کی ایشیا میں پہلی منزل ہے۔وزیرخزانہ نے حکومت پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے ساتھ ملک کی اقتصادی اور مالیاتی شعبے کی ترقی میں تعاون کی امید ظاہر کی۔ فریقین نے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔