پشاور (رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت جو بل لا رہی ہے،یہ انتہائی خطرناک ہے، اسے روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کو یقینی بنانا ہوگا۔بدھ کو اسلام آباد میں درج مقدمے میں راہداری ضمانت کے لیے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کرنے کے لیے پہنچے جب کہ رکن قومی اسمبلی اسد قیصر بھی راہداری ضمانت ہی کے لیے عدالت پہنچے۔
رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ آیا ہوں۔ کوشش کریں گے کہ آج اسمبلی پہنچ جائیں۔ حکومت جو بل لا رہی ہے، اسے روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ حکومت جو بل لارہی ہے یہ انتہائی خطرناک ہے، یہ ایک شخص کو فائدہ دینے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے کوئی مشکلات نہیں، ان حالات میں ہم نے آگے بڑھنا ہے۔ ہم ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔ ملک میں امن وامان اور معیشیت کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کو یقینی بنانا ہوگا۔