کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید نے مضر صحت اشیا فروخت کرنے والے کیبن ہٹانے کی درخواست پرریمارکس دیئے ہیں کہ جو فٹ پاتھوں سے کیبن نہیں ہٹاتا اس کیخلاف مقدمہ درج کرائیں۔
پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں ضلع کورنگی اور ملیر کے علاقوں سے مضر صحت اشیا فروخت کرنے والے کیبن ہٹانے کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل مزمل ممتاز میئو ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ غیر قانونی کیبن صرف کورنگی اور ملیر میں نہیں بلکہ پورے شہر میں لگے ہیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ سے غیر قانونی کیبن اور گٹکا ماوا اور مین پوری فروخت کرنے والوں کے خلاف رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
گٹکا ماوا اور مین پوری کے استعمال سے شہریوں کو کینسر ہورہا ہے۔ عدالت نے گٹکا ماوا اور مین پوری فروخت کرنے پر کراچی میں پابندی عائد کررکھی ہے۔ جب تک غیر قانونی کیبن سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے نہیں ہٹائے جاتے مضر صحت اشیا کی فروخت نہیں رکے گی۔ جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کہ جو فٹ پاتھوں سے کیبن نہیں ہٹاتا اس کیخلاف مقدمہ درج کرائیں۔ عدالت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔