سعدیہ جاوید 12

جلد بڑی شخصیات اور الیکٹیبلز پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے، ترجمان سندھ حکومت

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد پنجاب سے کچھ بڑے سیاسی لوگ اور الیکٹیبلز پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں،کوئی بھی جماعت پنجاب میں کلین سویپ نہیں کر سکتی، چوہدری سالک حسین یا کسی بھی شخص نے اگر پنجاب میں کرپشن کا دعوی کیا ہے تو اسے ثابت کرنا اور ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے 2029 میں پنجاب میں کلین سویپ کے دعوے کو محض خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چاہے گورننس کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو کوئی بھی سیاسی جماعت پنجاب میں کلین سویپ نہیں کر سکتی، پیپلز پارٹی کی ہمیشہ سے لیول پلیئنگ فیلڈ کی ڈیمانڈ رہی ہے اور جب انتخابات ہوں گے تو پارٹی پنجاب میں مضبوط ہو کر 2029 میں سرپرائز دے گی،اہم سیاسی شخصیات اور الیکٹیبلز بھی شامل ہوں گے مگر ابھی سفر لمبا ہے۔ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا نئے صوبے بنانے کے معاملے پر موقف واضح ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)اب تک کھل کر سامنے نہیں آئی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ نئے صوبے بنے تو موجودہ معاشی بحران، غیر ملکی سرمایہ کاری کی کمی اور وسائل کی کمی جیسے مسائل کے ہوتے ہوئے نئے سیکرٹریٹ، وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز، یونیورسٹیاں اور انفراسٹرکچر کے لیے بجٹ کہاں سے آئے گا؟۔

انہوں نے ریفرنڈم کے راستے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ پارلیمنٹ کے ذریعے واضح ہے۔ماضی میں آمریتوں کے دور میں دومتنازعہ ریفرنڈم ہو چکے ہیں اور کوئی بھی ریفرنڈم پارلیمانی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محسن نقوی کے بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں، کیونکہ ان کے صدر آصف علی زرداری سے قریبی تعلقات ہیں۔فریال تالپور کے پنجاب دورے کے بارے میں سعدیہ جاوید نے بتایا کہ یہ دورہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو، خواتین ونگ کی مضبوطی اور کارکنوں سے رابطوں کے لیے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں