اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ججز کمیٹی نے سپریم کورٹ آف پاکستان رولز 2025 کے مسودے کو حتمی شکل دے دی جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا۔
اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ رولز 1980 میں ترمیم کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، چیف جسٹس کی ہدایت پر سپریم کورٹ رولز 1980 کے جائزے کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی شامل ہیں۔
کمیٹی نے سپریم کورٹ کے رولز میں ڈیجیٹلائزیشن اور خودکار نظام متعارف کرانے کی سفارش کی، عدالتی امور میں بہتری کے لیے بار کونسلز اور ججز سے تجاویز طلب کی گئیں، مسودہ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کو مزید غور و خوض کے لیے پیش کر دیا گیا۔اعلامئے کے مطابق انصاف کی فوری اور شفاف فراہمی کیلئے سپریم کورٹ میں نئی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی۔