اسلام آباد ہائی کورٹ

توہین عدالت کیس،شیریں مزاری کو گرفتار کرنیوالے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کو گرفتار کرنیوالے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے شیریں مزاری کی گرفتاری سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کی،

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ شیریں مزاری کی گرفتاری سے روک رکھا تھا، ہمارے آرڈرکی جب خلاف ورزی ہو تو ہمارے لئے بڑا مشکل ہوتا ہے،آئی جی اسلام آباد نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی جاری ہے،اس پر جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دئیے کہ بادی النظرمیں اس عدالت کی خلاف ورزی ہوئی، آئی جی اسلام آباد ملوث اہلکاروں کیخلاف کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں،

اگرعدالت کارروائی سے مطمئن نہ ہوئی تو اسے مزید آگے بڑھائیں گے،عدالت نے آئی جی اسلام آباد کوملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ جو پولیس اہلکارعدالتی حکم کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔