لاہور (رپورٹنگ آن لائن) معروف قانون دان اور سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے حق میں ہے، صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے بعد صوبے بنانے کے طریقہ کار طے ہونا چاہیے، 28 ویں ترمیم کا مسودہ سامنے آئے گا تو پھر فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کیلئے تین شرائط رکھ دیں، مخصوص نشستیں واپس تحریک انصاف کو دی جائیں، خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ کیا جائے، پیپلزپارٹی پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی تینوں شرائط تسلیم کرتی ہے تو ہمیں پھر یقین ہوگا یہ نورا کشتی نہیں۔بیرسٹر سید علی ظفر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اگر توبہ کر لی ہے تو پھر شرائط تسلیم کریں، بلاول کے بارے میں کہوں گا بڑی دیر کر دی مہربان آتے آتے۔









