عطا اللہ تارڑ

تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالآخر 9 مئی کے واقعہ میں سہولت کاری اور منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہاہے کہ تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالآخر 9 مئی کے واقعہ میں سہولت کاری اور منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا،پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ تشدد اور شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے،انہوں نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کئے، کور کمانڈر ہاس کے باہر عمران نیازی کے خاندان کے لوگ موجود تھے جو حملوں کی ہدایات دیتے رہے، زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا جہاں پٹرول بم تیار کئے جاتے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے، ملک کو ڈیفالٹ کرانے، سائفر لہرانے کی سازش سے لے کر شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کر سکے۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔