اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ یومِ آزادی ہمارے لئے خوشی، شکرگزاری، فخر اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔یوم آزادی کے موقع پر یہاں جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانے اور قومی کامیابیوں پر خوشیاں منانے کا دن ہے،ہم معرکۂ حق میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے یومِ آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں آزادی کی حفاظت کے ساتھ معرکۂ معیشت میں بھی پاکستان کا لوہا منوانا ہے، ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر معاشی میدان میں پاکستان کو ایک مضبوط اور باوقار ملک بنانا ہے،پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی خودمختاری کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ نے ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کا خواب دیکھا، یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کی عظیم جدوجہد، بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظمؒ کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادی کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں، معاشی، علمی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں کامیابی سے بھی ہوتی ہے۔









