ہائیکورٹ 13

بیوی کے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے مجرم کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے مجرم محمد عدیل کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 15جون کو اپیل پر سماعت کرے گا۔لارجر بینچ میں جسٹس فاروق حیدر، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس جواد ظفر اور جسٹس عبہر گل بھی شامل ہیں۔ بینچ قتل کیس میں قانونی نکات اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے گا۔ریکارڈ کے مطابق محمد عدیل کے خلاف قتل کے مقدمے میں ایف آئی آر کے ساتھ استغاثہ بھی دائر کیا گیا تھا۔ کیس میں ایف آئی آر اور استغاثہ کے مدعیان اور گواہان ایک دوسرے سے مختلف تھے۔دستاویزات کے مطابق ایف آئی آر میں صرف ایک ملزم کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ استغاثہ میں دو ملزمان کے نام شامل کیے گئے۔

مزید یہ کہ ٹرائل کے دوران ایف آئی آر کے مدعی اور گواہوں کو عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ٹرائل کورٹ نے استغاثہ کے مدعی اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر محمد عدیل کو سزائے موت سنائی تھی۔ مجرم نے اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جس پر اب پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں