راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بہت جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی دی ہوئی مزید 50 بسیں راولپنڈی شہر کے اندر چلتی نظر آئیں گی، پاکستان ایٹمی قوت ہے، ہندوستان سمیت کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، افغانستان دہشتگردوں کا بیس کیمپ ہے جہاں اسرائیل تکنیکی معاونت اور ہندوستان پیسہ دے رہا ہے، دہشتگردوں کے سہولت کار کہیں بھی چھپ نہیں سکتے، اربوں روپے ہڑپ کرنے والا شخص تھوڑی سی مشکل پر رونا دھونا کررہا ہے، ہم نے بھی کسی جرم کے بغیر ڈیتھ سیل میں وقت گزارا لیکن اف تک نہیں کی۔
وہ پیر کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں تزئین و آرائش شدہ آڈیٹوریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے خطبہ استقبالیہ میں یونیورسٹی کے آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش، سپورٹس سہولیات،جیم اور دیگرشعبوں کی آپ گریڈیشن پر وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی دی ہوئی مزید 50بسیں راولپنڈی شہر کے اندر چلتی نظر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ راولپنڈی کے کڈنی ہسپتال میں 2 کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ ہوچکے ہیں، پہلے لوگ چین اور ہندوستان میں ٹرانسپلانٹ کے لئے جاتے تھے ،اب نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 300,300بیڈ کے دوہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، 400بیڈ کا چلڈرن ہسپتال جون 2027 سے قبل مکمل ہو جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے عین مطابق راولپنڈی میں سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے مکمل کیے ہیں، کام کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ،کوئی میرے تعمیراتی کام پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، ماضی میں حکومت پاکستان کے پیسوں سے منصوبے مکمل کرکے اپنے نام لکھوائے گئے ،
ہم نے یہ رویت تبدیل کردی اور کالجوں، یونیورسٹیوں میں آڈیٹوریم،نئے بلاکس کو قومی ہیروز کے نام سے منسوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تا قیامت زندہ تابندہ رہے گا ہم سب کو قومیت سے پہلے پاکستانی ہونے کے نعرے پر یکجا ہونا پڑیگا، دہشت گردوں کا سہولت کار بننے والے بھی پاکستانی ہی ہوتے ہیں انھیں سوچنا چاہیے کہ پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں جو کھیل کھیلا جارہا ہے ہمارے ادارے اس سے آگاہ ہیں،دو ٹوک انداز میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے ناکام ہوں گے،پاکستان کو شام، لیبیا یا عراق نہیں بننے دیں گے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر ریلوے نے آڈیٹوریم کی تعمیر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے حکام میں سوونیئر تقسیم کیے۔









