امیر مقام 14

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں بھارتی غاصب فوجوں کے داخل ہونے کے دن کو ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایاجائیگا،امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی غاصب فوجوں کے داخل ہونے کے دن کو ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا،پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا،معرکہ حق کے بعد یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ کشمیریوں کو ضرور حق خودارادیت ملے گا،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

پیر کو کشمیر کونسل میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی اور مشیر شبیر عثمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے ،جب کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کشمیر میں بھارتی قابض افواج داخل ہوئیں،کئی دہائیوں کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری اپنے حق خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹے،بھارت نے برسوں سے کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کر رکھا ہے،انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیاں تاحال جاری ہیں،یہاں تمام تر مظالم کے باوجود جذبہ آزادی قائم و دائم ہے،کشمیریوں کو جتنا دبائیں گے ان کا جذبہ اور بڑھے گا،بھارت نے حق دینے کی بجائے آئین میں موجود حق سے بھی آئین میں ترمیم کرکے 2019 میں انہیں محروم کردیا،کشمیر کی ڈیموگرافی کی تبدیلی کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے ،پاکستان ان کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا اور ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنے تک حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے بھی اپیل ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت یوم سیاہ کو دنیا بھر میں بھرپور انداز میں منایا جائے گا،دنیا کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جائے گی،یہاں جلسہ بھی منعقد ہوگا،اس میں تمام سیاسی جماعتیں جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر شریک ہوں گی،آزادکشمیر کے وزیر اعظم مظفرآباد میں ریلی کی قیادت کریں گے،اسی طرح وزرا اعلیٰ سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی ریلیاں منعقد کریں اور ان میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے،اس دن کی مذمتی قراردادیں قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظور کرائی جائیں گی،صوبوں میں بھی جہاں اجلاس چل رہے ہیں وہ بھی قراردادیں پاس کرائیں۔امیر مقام نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد ایک ولولہ تازہ پیدا ہوا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ملے۔

انہوں نے تمام جماعتوں اور ہر طبقہ سے اپیل کی کہ وہ اس ریلی میں شریک ہو،بھارت کو کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت کو جیلوں میں رکھا ہوا ہے،بہت سے لیڈرز کو شہید کردیا گیا لیکن کشمیریوں کا جذبہ جوان ہے،انہیں آزادی ضرور ملے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تحریک آزادی کے لئے غیر متزلزل حمایت قابل تحسین ہے،مقبوضہ کشمیر کا بھارت سے الحاق ایک فراڈ تھا،بغداد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس میں 57 مسلم ممالک نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے،کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں،انہیں ان کے اس بنیادی حق سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دن کویوم سیاہ منا کر دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں،ہندوستان کے عزائم توسیع پسندی کے ہیں،وہ اسرائیل کے گریٹر اسرائیل کے طرز پر توسیع پسندی کے عزائم رکھتا ہے ،ہمیں اس کے آگے بند باندھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا،پاکستان مزید مستحکم بنے گا۔ایک سوال کے جواب میں امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک اثاثہ ہے،وہ جذبہ ایمانی سے بھارت کو معرکہ حق میں شکست سے دوچار کرچکی ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں امن تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہدا کو پاکستان کے پرچم میں دفن کرتے ہیں،یہ کشمیریوں کے دل و دماغ کے پاکستان کے ساتھ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے…

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں