ڈرامہ 14

بغیر اجازت”عینک والا جن”پر اے آئی فلم بنانا مہنگا پڑ گیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ کے سب سے مقبول اور یادگار بچوں کے کامیڈی ڈرامہ سیریل عینک والا جن کے خالق، مصنف اور ہدایت کار حفیظ طاہر نے ان کے مشہور ڈرامے کے نام اور تصور پر مبنی مبینہ طور پر بغیر اجازت مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے تیار کی گئی فلم پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے اپنی تخلیقی ملکیت پر دن دہاڑے ڈاکہ قرار دیا ہے۔

حفیظ طاہر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں شدید افسوس اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت گہرے صدمے اور سخت غصے کی حالت میں ہیں کیونکہ ان کی دہائیوں کی محنت اور تخلیق کو ان کی مرضی کے بغیر استعمال کر کے ایک اینیمیٹڈ فلم بنائی گئی اور اسے سینما گھروں میں بھی نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے جسے وہ کسی صورت درست نہیں سمجھتے۔انہوں نے کہا، میں آج گہرے صدمے اور سخت غصے میں ہوں، کیونکہ میری زندگی بھر کے فنی اثاثے عینک والا جن پر دن دہاڑے ڈاکہ مارا گیا ہے۔

میرے ڈرامے کے نام کو استعمال کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ایک فلم بنا کر سینما گھروں میں بھی ریلیز کر دی گئی ہے۔حفیظ طاہر کا کہنا تھا کہ عینک والا جن صرف ایک ڈرامہ نہیں بلکہ ان کی برسوں کی تخلیقی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا، یہ میرا آئیڈیا ہے، میری تخلیق ہے، میں ہی اس کا کانسیپٹ رائٹر ہوں، اس کا نام بھی میں نے رکھا اور ہدایت کاری بھی میں نے ہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ، 90 کی دہائی میں ایک بہترین معیار کا سیریل تیار کر کے پی ٹی وی کے حوالے کیا تھا، جس نے بے حد مقبولیت حاصل کی اور پی ٹی وی کو بھی اس سے بے حد مالی فائدہ ہوا۔

ہدایت کار نے دعوی کیا کہ اے آئی فلم بنانے والے فلم ساز فرحان خان نے نہ تو ان سے کوئی اجازت حاصل کی اور نہ ہی انہیں اس منصوبے میں شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا، نہ فلم بنانے والوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور نہ ہی اس منصوبے کے میڈیا پارٹنر پی ٹی وی نے پروڈکشن کے دوران ان سے رابطہ کرنے کی زحمت کی۔ویڈیو میں حفیظ طاہر نے اے آئی فلم کے معیار پر بھی شدید تنقید کی اور کہا، فلم میں ڈرامے کے یادگار کرداروں کی شکلیں بگاڑ دی گئی ہیں، خاص طور پر مرکزی کردار نسطور جن ایک ڈاکو لگتا ہے۔ اس کا چہرہ خراب کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غیر معیاری آوازیں اور مصنوعی ذہانت سے بنا ہوا انتہائی ناقص میوزک شامل کر کے ڈرامے کی اصل روح کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں