حمزہ شہباز شریف

برصغیر کے امن سے کھلواڑ بھارت کو مہنگا پڑے گا ‘حمزہ شہباز شریف

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ برصغیر کے امن سے کھلواڑ بھارت کو مہنگا پڑے گا ،پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوںنے بھارت کی آبی جارحیت اور دیگر یکطرفہ اقدامات پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عالمی روایات و قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کیا ،یہ انٹرنیشنل واٹر ٹریٹی بین الاقوامی سطح پر پالیسی اور ضمانت شدہ معاہدہ ہے۔بھارت آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو بنجر بنانے کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لئے عرصے سے بہانے کی تلاش میں تھا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ برصغیر کے امن سے کھلواڑ بھارت کو مہنگا پڑے گا کیونکہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی نے قومی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے بھارت کو دو ٹوک اور متناسب پیغام دیا ہے۔ بھارت کو بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کی روش ترک کرنا ہو گی۔