کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برداشت، احترام اور رواداری ایک مضبوط اور پْرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔
سندھ صوفیا کی دھرتی ہے، جہاں محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی سرزمین ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تنوع اور رواداری کی علامت رہی ہے۔ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔ ہماری حکومت ہر شہری کے وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے، جبکہ برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں سندھ حکومت اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت ہمیں محبت، امن، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام دیتی ہے۔ مذہب، زبان، نسل اور ثقافت کے اختلافات کو تقسیم کا سبب بنانے کے بجائے انہیں اپنی طاقت بنانا ہوگا۔
عدم برداشت، نفرت اور تعصب کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوان نسل میں برداشت، رواداری اور احترام کے جذبے کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ کی دھرتی شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر کے امن و محبت کے پیغام کی امین ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پْرامن، روادار اور متحد معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت معاشرتی ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق اور مساوی مواقع کے تحفظ کے لیے پْرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یومِ برداشت ہمیں دوسروں کے عقائد، نظریات اور ثقافتوں کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ برداشت محض ایک رویہ نہیں بلکہ پْرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔









