شکرگڑھ (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی اپیل کردی۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے ادب و احترام کے ساتھ اپیل ہے کہ ہڑتال ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اپنائیں، حکومت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرے گی، ہڑتال مسئلے کا حل نہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا چیلنج برآمدات میں اضافہ ہے، برآمدات کی ترسیل میں خلل ڈالنا کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات درست ہوں یا غلط، احتجاج کا ایسا طریقہ اختیار نہ کیا جائے جس سے ملکی برآمدات متاثر ہوں۔ ایکسپورٹ آرڈرز خطرے میں ہیں اور ہڑتال کے باعث ملکی برآمد کنندگان کو شدید نقصان کا خدشہ ہے۔احسن اقبال کے مطابق ایک ایکسپورٹر نے بتایا کہ ہڑتال کے باعث تقریباً ایک ملین ڈالر کے ایکسپورٹ آرڈرز خطرے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایک ایک ڈالر کی ضرورت ہے، برآمدات ہماری قومی ترجیح اور ایمرجنسی ہیں، ایکسپورٹ کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ملکی مفاد میں نہیں۔وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ہڑتال ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اپنائیں تاکہ برآمدات کا عمل متاثر نہ ہو۔









