ہارون اختر خان 19

برآمدات میں اضافے کیلئے نجی شعبے کو بھی آگے آنا ہوگا’ہارون اختر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کو بھی آگے آنا ہوگا،حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروباری اور تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے سیاسی استحکام برقرار رکھنا ہوگا۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی کامیابی کے باعث دنیا میں ملک کا مقام بلند ہوا ہے اور گرین پاسپورٹ کی عزت میں بھی اضافہ ہوا۔

خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، دنیا میں آگ لگی ہوئی تھی اور کوئی کردار ادا نہیں کر رہا تھا، پاکستان نے آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کمپنیوں کی لائن لگی ہوئی ہے، حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کو بھی آگے آنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں