عمران خان

بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دےدی

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی۔اس بات کا اعلان بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ پورے پاکستان نے نکلنا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی حتمی کال دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہےگا جب کہ قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے، بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاﺅں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔ دوسری جانب، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہے، علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بار کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہماری مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔